نئی دہلی ، 30اپریل ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) چارہ گھوٹالے میں سزا یافتہ آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو پیر کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ایک پولیس افسر سے بھڑ گئے۔دہلی میں واقع ایمس سے ڈسچارج کئے جانے کے بعد رانچی روانہ ہوتے وقت لالو ریلوے اسٹیشن پر ایک پولیس افسر پر نہ صرف بری طرح ناراض ہو گئے بلکہ اسے دھکا بھی دیا۔اس واقعے کے ویڈیو میں لالو پولیس افسر کو ڈانٹ رہے ہیں اور اسے دھکا دے کرپیچھے ہٹنے کے لئے کہہ رہے ہیں۔پولیس افسر کو جس وقت لالو ڈانٹ رہے تھے ، اس وقت کچھ صحافیوں نے حالات کو سمجھنے کے لئے ان سے سوال کیا۔صحافیوں کے سوالات کے جواب میں لالو نے کہاکہ پتہ نہیں کس بات کے لئے یہ داروغہ کہہ رہا ہے کہ بیک ہو جائیے۔ان کا ایس پی بول رہا ہے۔ایس پی ہمارا باس ہے۔بولا،نہیں بولاجب تک اسپتال سے بات نہیں کرے گا۔تو اس بات پر ہم کس طرح جائیں گے۔لالو نے ایمس سے خود کو ڈسچارج کئے جانے کو سیاسی سازش بتایا۔اس سے پہلے لالو یادو کو جس وقت ایمس سے ڈسچارج کیا جا رہا تھا، اس وقت ان کے کچھ حامیوں نے اسپتال میں مبینہ طور پر ہنگامہ بھی کیا۔اس بارے میں ایمس انتظامیہ نے حوض خاص تھانے میں شکایت بھی درج کرائی ہے۔پولیس کو دی گئی شکایت میں ایمس انتظامیہ نے کہا ہے کہ پیر کی دوپہر سوا 12 بجے کے قریب 8-10 نامعلوم بدمعاشوں نے اسپتال کے عملے سے بدسلوکی کی اور ہنگامہ کیا۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہ بدمعاش لالو یادو کو ڈسچارج کئے جانے کی مخالفت کر رہے تھے اور انہوں نے بغاوت بھی کی۔